پاکستان کئی ورلڈکپ میں شرکت کر چکا ہے اور بیٹسمین ورلڈکپ میں سنچریاں بھی بنا چکے ہیں مگر پاکستان کی جانب سے ورلڈکپ میں سب سے بڑے انفرادی اسکور کا ریکارڈ آج بھی عمران نذیر کے پاس ہے۔ 21 مارچ 2007 کو ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈکپ میں عمران نذیر نے زمبابوے کے خلاف 121 گیندوں پر 160 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔
پاکستان نے اس اننگز کی بدولت 349 رنز اسکور کیے اور بڑی کامیابی حاصل کی۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم نے 99 رنز بنائے تھے کہ بارش ہو گئی۔ پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 93 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان 2007 کے ورلڈکپ میں پہلے راؤنڈ سے پہلے ہی باہر ہو گیا تھا اور یہ اس وقت کے کپتان انضمام الحق کے کیریئر کا آخری میچ بھی ثابت ہوا تھا۔