پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل فور فائنل میں دنیا کے مختلف کرکٹ بورڈ کے اراکین نے شرکت کی تھی، سری لنکا کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے کوشاں ہیں اور امید ہے کہ سری لنکن ٹیم رواں برس پاکستان کا دورہ کرے گی اور اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
مینیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں پوری دنیا نے پاکستان کی سیکیورٹی دیکھ لی ہے، سب نے سیکیورٹی اور سہولیات کی تعریف کی ہے اور امید ہے جلد ہی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے واپس کھل جائیں گے۔
ایم ڈی وسیم خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، آئی سی سی کے سامنے بھارت کے ہر محاذ کے لیے تیار ہیں اور بھارت کیساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے۔