پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر حسن علی نے ورلڈکپ کو اپنا ہدف بنا لیا ہے۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ ہم انگلینڈ کی کنڈیشنز میں 3، 4 سال سے کھیل رہے ہیں، یہی تجربہ ورلڈکپ میں کام آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ میں اچھی پرفارمنس کی کوشش کروں گا اور میگا ایونٹ سے قبل انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی ہمیں تیاری کا اچھا موقع مل جائے گا۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور فتوحات سے اعتماد مزید بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ حسن علی کی انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی شاندار رہی تھی۔ ایونٹ میں انھوں نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور بہترین بولر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ حسن علی نے مزید کہا کہ وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے انداز سے فٹنس مسائل پیدا نہیں ہوتے اور وہ یہ انداز اپنائیں رکھیں گے۔