کرکٹ ورلڈکپ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر سابق بھارتی کرکٹر ورندر سہواگ کی ویڈیو جاری کی جس میں ان سے تمام کرکٹ ٹیموں کے بارے میں رائے لی گئی۔ ورندر سہواگ نے آسٹریلیا کو خطرناک ٹیم قرار دیا۔ بنگلہ دیش کے بارے میں بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ کیونکہ بنگلہ دیشی کرکٹرز کو ٹائیگرز کہا جاتا ہے اس لیے یہ کسی بھی دن کسی بھی ٹیم کا شکار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ورندر سہواگ نے کہا کہ ورلڈکپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔
سہواگ کی نظر میں انگلینڈ کی ٹیم اچھی ہے اور ورلڈکپ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کے خیال میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈکپ میں کچھ بھی کر سکتی ہے۔ جنوبی افریقہ کے لیے ورندرسہواگ نے کہا کہ امید ہے یہ ٹیم اچھا کھیل پیش کر سکے۔
افغانستان کے بارے میں جواب دیتے ہوئے سہواگ نے کہا کہ اگر افغانستان کا دن اچھا ہو تو وہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کو انھوں نے بہت خطرناک ٹیم قرار دیا۔ اپنی ٹیم کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جس دن وہ اچھا کھیل پیش کرے گی اس دن وہ کسی بھی ٹیم کو باآسانی ہرا دے گی۔