آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شان مسعود اور محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو کر لیا۔ شان مسعود نے اپنے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 62 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے۔ 86 رنز کے مجموعی اسکور پر نیتھن کاؤلٹرنائل نے شان مسعود کی پہلی ون ڈے اننگز کا اختتام کیا۔ پاکستان کے لیے ٹیسٹ فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عباس اپنے پہلے ایک روزہ میچ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ محمد عباس نے اپنے 10 اوورز میں 44 رنز دے کر آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کی وکٹ حاصل کی تھی۔ 281 رنز کا ہدف دینے کے باوجود پاکستان پہلے ون ڈے میں فتح حاصل نہ کر سکا جس کی بنیادی وجہ ناقص بولنگ رہی۔