انگلش کاؤنٹی کھیلنے والے نوجوان بلےباز ول جیک نے 25 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے سب کو حیران کر دیا۔ سرے کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنے والے نوجوان بلےباز ول جیک نے لنکاشائر کے خلاف کھیلتے ہوئے 25 گیندوں پر دھواں دھار سنچری اسکور کی۔ آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے ٹی ٹین میچ میں ول جیک نے پہلی ہی گیند سے جارحانہ بلے بازی کی۔
انہوں نے 8 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی جس میں ایک اوور میں 6 چھکے بھی شامل ہیں۔ ول جیک کا کہنا ہے کہ کوشش تھی کہ پہلی ہی گیند سے جارحانہ کھیلوں لیکن ایسا نہیں سوچا تھا کہ 25 گیندوں پر سنچری بنا لوں گا۔ سرے کاؤنٹی کے کھلاڑی نے سابق انگلش بلے باز کیون پیٹرسن کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا۔