پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ان دنوں بلوچستان میں موجود ہے اور اپنی فتح کا جشن منا رہی ہے۔ سرفراز احمد اپنے پلیئرز اور ٹیم مینیجمنٹ کے ہمراہ ٹرافی لے کر کوئٹہ پہنچے تو ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد ٹیم نے کوئٹہ کی سڑکوں پر وکٹری پریڈ کی تو فینز کا سمندر امڈ آیا، سیکیورٹی اہلکاروں اور کھلاڑیوں کی گاڑیاں چلنا بھی دشوار ہو گئیں۔
کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑی اور مینیجمنٹ ارکان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا قافلہ جہاں جہاں سے گزرا ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ شائقین ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنانے کی کوشش کرتے رہے۔
اس موقع پر سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ والوں کے ساتھ جشن منانے کا بہت مزہ آ رہا ہے اور بلوچستان کے لوگ ہی اس ٹرافی کے حقدار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ نزدیک ہے، دعا کریں کہ پاکستان ٹیم عالمی ایونٹ میں بھی کامیاب ہو۔