ورلڈکپ سے پہلے محمد عامر کی خراب فارم نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ٹیم مینیجمنٹ کو بھی پریشان کر دیا ہے۔ محمد عامر کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ایک اور موقع دیا گیا مگر پہلے ون ڈے میں انھوں نے 9 اوورز میں 59 رنز دیئے جس کے بعد انھیں دوسرے ون ڈے سے ڈراپ کر دیا گیا۔ محمد عامر کو ایشیاء کپ کے بعد بھی قومی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا۔ 18 جون 2017 کو اوول میں بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمئنز ٹرافی فائنل کے بعد سے اب تک محمد عامر نے 14 ون ڈے میچز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ 9 میچوں میں محمد عامر کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ محمد عامر کو مسلسل موقع دے رہی ہے۔ اس وقت پاکستان ٹیم میں جنید خان، عثمان شنواری اور محمد حسنین جیسے فاسٹ بولرز موجود ہیں جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں انھیں مزید موقع ملنا مشکل ہو گیا ہے۔