ہوم آف کرکٹ کے نام سے مشہور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔ یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے لارڈز میں ہی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ 2016 میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اسی میدان پر ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح حاصل کی تھی۔ رواں سال ہونے والے میگا ایونٹ کا میلہ انگلینڈ میں سجے گا۔
لارڈز کرکٹ گراؤنڈ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ہمیں پاکستان کرکٹ ٹیم کا انتظار رہے گا جس نے ورلڈکپ کے کم از کم دو میچز اس گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں۔ پاکستان ٹیم عالمی ایونٹ میں 23 جون کو جنوبی افریقہ اور 5 جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز کے میدان پر ایکشن میں ہو گی۔ پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغآز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گا۔