آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے عمر اکمل نے پہلے دو میچوں میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ پہلے ون ڈے میچ میں عمر اکمل 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے میچ میں وہ 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کرکٹ ماہرین ہمیشہ سے کہتے آئیں ہیں کہ عمر اکمل میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن وہ خود کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔ عمر اکمل کی خاصیت ہے کہ وہ گیندیں ضائع نہیں کرتے اور مسلسل سنگل، ڈبل کرتے رہتے ہیں لیکن ہمیشہ وہ غلط شارٹ کھیل کر آؤٹ ہو جاتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں بھی وہ چھکا مارنے کی کوشش میں ایرون فنچ کو کیچ دے بیٹھے جبکہ دوسرے میچ بھی انھوں نے یہی غلطی دوباہ دہرائی اور نیتھین لائن کو چھکا لگانے کی کوشش میں پیٹر ہینڈزکومب کو کیچ تھمایا۔