بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر یووراج سنگھ 37 برس کے ہو چکے ہیں اور جب بھی ان کا میڈیا سے سامنا ہوتا ہے تو ریٹائرمنٹ سے متعلق سوالات ہی پوچھے جاتے ہیں۔ اس مرتبہ آئی پی ایل میں بھی انھیں صرف ایک کروڑ روپے میں ممبئی انڈینز نے خریدا۔ اس سیزن کے اپنے پہلے آئی پی ایل میچ میں یووراج سنگھ نے 35 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یووراج سنگھ نے کہا کہ ابھی کھیل کو انجوائے کر رہا ہوں اور جب لگے گا کہ ریٹائرمنٹ کا وقت آ گیا تو کسی سے پوچھے بغیر ہی کھیل چھوڑ دوں گا۔
انھوں نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کو بھی اس عمر میں ایسی ہی صورتحال کا سامنا تھا اور انھوں نے اس پر زبردست انداز میں قابو پایا اس لیے وہ ان دنوں ٹنڈولکر کی رہنمائی بھی لے رہے ہیں۔ یووراج سنگھ نے آخری مرتبہ جون 2017 میں بھارت کی نمائندگی کی تھی۔