آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے عمر اکمل نے پہلے دو میچوں میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس سے وہ ورلڈکپ اسکواڈ میں اپنی جگہ پکی کر سکیں۔ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ عمر اکمل کے رویے میں بہت تبدیلی آئی ہے، وہ ٹیم کے اس ماحول سے بہت اچھی طرح ہم آہنگ ہیں اور بہترین طریقے سے اپنا کام کر رہے ہیں۔ عمر اکمل کی فٹنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس کی فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے لیکن ابھی اس مزید محنت کی ضرورت ہے۔ مکی آرتھر نے مزید کہا کہ اگر وہ ورلڈکپ کھیلنا چاہتے ہیں تو انھیں 14 اپریل کو ہونے والا فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہو گا۔ مکی آرتھر کے عمر اکمل سے متعلق اس بیان کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اگر وہ ناکام بھی ہو جاتے ہیں تو اس کے باوجود وہ ورلڈکپ کھیل سکتے ہیں لیکن انھیں فٹنس ٹیسٹ کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنا ہو گا۔