انڈین پریمیر لیگ میں جوز بٹلر کو رن آؤٹ کرنے کے بعد کنگز الیون پنجاب کے اسپنر رویچندرن ایشون کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ انٹرنیشنل اسٹارز کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی ایشون پر تنقید کی ہے۔ ٹویٹر پر شین وارن کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ کھیل کی اسپرٹ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔ کامران اکمل نے کہا کہ ایشون نے انتہائی گھٹیا حرکت کی اور انھیں کھیل کی عزت کرنا سیکھنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر، سورو گنگولی، سنیل گواسکر اور دھونی جیسے کھلاڑیوں کی مثالیں ایشون کے سامنے ہیں۔ فیصل اقبال نے کہا کہ ایشون نے اپنے ملک اور دنیا بھر کے نوجوان کرکٹرز کے لیے غلط مثال قائم کی، ان کی یہ حرکت کھیل کی اسپرٹ کے خلاف ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم نے گیند کرانے سے پہلے جوز بٹلر کی کریز چھوڑنے کی تصویر شیئر کی اور سوال کیا کہ کیا یہ بھی کھیل کی اسپرٹ کی خلاف ورزی ہے۔