آسٹریلین وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر آسٹریلوی ٹیم میں واپسی کی امید بحال کر لی ہے۔ میتھیو ویڈ ملک میں جاری فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 2 سنچریوں اور 8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1,021 رنز بنا چکے ہیں۔
گزشتہ دس برسوں میں یہ کارنامہ کسی بھی آسٹریلوی بیٹسمین نے انجام نہیں دیا۔ میتھیو ویڈ شیفلڈ شیلڈ کے ایک سیزن میں 1 ہزار رنز مکمل کرنے والے صرف تیسرے بیٹسمین ہیں۔
میتھیو ویڈ تسمانیہ ٹیم کی طرف سے کھیل رہے ہیں اور اس ٹیم کے کوچ ایڈن گریفتھ کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ بہت شاندار فارم میں ہے اور یہ سب سے اچھا موقع ہے کہ انہیں آسٹریلوی ٹیم میں شامل کر کے ان کی فارم سے فائدہ اٹھایا جائے جبکہ میتھیو ویڈ کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے کہا ہے وہ جلد ہی ٹیم میں واپسی کریں گے۔