سری لنکن کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر لستھ مالنگا کو آئی پی ایل کے 12ویں سیزن میں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ سری لنکا میں ون ڈے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ 4 اپریل شروع ہونے جا رہا ہے اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ جو کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کھیلے گا وہی ورلڈکپ کیلئے سری لنکن ٹیم میں جگہ بنا پائے گا مگر اب سری لنکن ٹیم کے چیف سلیکٹر نے ملنگا کو آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
لستھ ملنگا رواں آئی پی ایل سیزن میں ممبئی انڈینز کی جانب سے کھیلیں گے۔ ان کی ممبئی انڈینز کی ٹیم میں شمولیت بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ممبئی انڈینز اسکواڈ کے سب سے اہم بولر جسپریت بمراہ انجری کا شکار ہو چکے ہیں جس کے بعد اگلے چند میچوں میں ان کی شرکت مشکوک ہے جبکہ دوسری جانب ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر ایڈم ملنے بھی انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔