کرکٹ ویسٹ انڈیز کے نومنتخب صدر رکی سکیرٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈیرسن سمیت ملک کے ہر کرکٹر کو ٹیم کی نمائندگی کا برابر موقع فراہم کیا جائے گا۔ ڈیرن سیمی نے کئی برسوں تک ویسٹ انڈیز کی قیادت کی۔ انھوں نے اپنی ٹیم کو 2012 اور 2016 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل بھی جتوایا۔ ڈیرن سیمی اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے درمیان تعلقات اس وقت خراب ہوئے جب انھوں نے 2016 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کے بعد اس وقت کے بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون پر تنقید کی۔ نومنتخب صدر رکی سکیرٹ نے ڈیو کیمرون کے 6 سالہ عہد کا آئینی طریقے سے خاتمہ کیا اور کہا کہ اب سب کو موقع دیا جائے گا۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے نومنتخب صدر نے کہا کہ سلیکشن سے میرا تعلق نہیں ہے اور سلیکٹرز سے امید کرتا ہوں کہ وہ ڈیرن سیمی سمیت سب کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ٹیم منتخب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی اور میرے بہت اچھے تعلقات ہیں۔