پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں ایمرجنگ کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے والے کراچی کنگز کے اسپنر عمر خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر پاکستان کو میری ضرورت ہے تو میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔ عمر خان نے کہا کہ میں نے پی ایس ایل میں بہت اچھا وقت گزارا، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے ملک کے سب سے بڑے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ بہت سے کرکٹر پی ایس ایل کھیلنے کا خواب دیکھتے ہیں نہ صرف میرا خواب پورا ہوا بلکہ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ہی مجھے ڈیبیو کروایا گیا۔ عمر خان نے مزید کہا کہ وسیم اکرم اور مکی آرتھر کے زیرسایہ کھیلنے کا تجربہ شاندار رہا۔ نوجوان اسپنر نے کہا کہ مکی آرتھر میری بولنگ سے متاثر ہوئے ہیں اور انھوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اگر اچھا پرفارم کرتا رہا تو وہ دن دور نہیں جب میں پاکستان ٹیم کا حصہ بنوں گا۔