آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ڈیبیو کے بعد سے محمد حسنین مشکلات کا شکار ہیں۔ انھیں اپنے ڈیبیو پر اچھی بولنگ کے باوجود وکٹیں نہیں ملیں۔ ون ڈے کیریئر کے دوسرے میچ میں محمد حسنین کو وکٹ لینے کا موقع ملا تو قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ امام الحق نے محمد حسنین کی گیند پر گلین میکسویل کا کیچ چھوڑا اور وہ پہلی وکٹ سے محروم ہو گئے۔ میکسویل نے بھی اس موقع کا پورا فائدہ اٹھایا اور 55 گیندوں پر 71 رنز بنا ڈالے۔ محمد حسنین نے اپنے پہلے میچ میں 9 اوورز میں 54 رنز دیئے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے تھے جبکہ دوسرے میچ میں انھوں نے 5 اوورز میں 50 رنز دیئے۔ واضح رہے کہ محمد حسنین کو صرف پی ایس ایل فور میں اچھی پرفارمنس کی بناء پر ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا اور سلیکشن کمیٹی کو جلدبازی میں یہ فیصلہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔