پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں قومی ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ لاہور قلندرز کا حصہ بنے اور انھیں ٹیم کی قیادت بھی سونپی گئی۔ کراچی کنگز کے خلاف بولنگ کرتے ہوئے گیند لگنے سے محمد حفیظ کا انگوٹھا ٹوٹا اور اسی کے ساتھ ان کا پی ایس ایل فور میں سفر اختتام کو پہنچ گیا تھا جس کے بعد لاہور قلندرز کی قیادت اے بی ڈویلیئرز سے ہوتے ہوئے فخر زمان تک پہنچی۔ اس کے بعد محمد حفیظ نے اپنے انگوٹھے کا پہلا آپریشن کروایا اور انھیں کچھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا۔ ان کے انگوٹھے کا دوسرا آپریشن بھی ہو چکا ہے اور ڈاکٹرز نے آل راؤنڈر کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ورلڈکپ سے قبل مکمل طور پر صحتیاب ہو جائیں گے اور انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز بھی کھیلیں گے۔