انڈین پریمیر لیگ کا بارہواں ایڈیشن جاری ہے لیکن ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی ایک تنازع اس وقت کھڑا ہو گیا جب کنگز الیون پنجاب کے کپتان رویچندرن ایشون راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں بولنگ کے دوران رکے، جوز بٹلر کے کریز سے نکلنے کا انتظار کیا اور انھیں رن آؤٹ کر دیا۔ ایشون کے اس عمل پر کچھ کرکٹرز نے انھیں سپورٹ کیا تو کچھ نے اس کی مخالفت کی۔
رواں آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ اس میچ کے دروان آندرے رسل کے پاس بہترین موقع تھا کہ وہ پنجاب کے بیٹسمین کو اسی طرح آؤٹ کر دیں جیسے ایشون نے جوز بٹلر کو کیا تھا لیکن انھوں نے 'اسپرٹ آف کرکٹ' کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ قدم اٹھانے سے گریز کیا۔
اسی طرح گزشتہ روز رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینز کے میچ میں بھی ایسا ہی کچھ دیکھنے کو ملا۔ ممبئی کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کریز سے کافی باہر نکل چکے تھے لیکن بنگلور کے بولر بھی اس نامناسب حرکت سے دور رہے۔