عمران نذیر کے مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ جارحانہ بیٹسمین نے ابھی تک ہمت نہیں ہاری۔ عمران نذیر کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ پی ایس ایل فور میں لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ ہوں گے مگر ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ عمران نذیر نے اس کی تیاری کے لیے یو اے ای میں لاہور قلندرز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی مگر فٹنس مسائل آڑے آ گئے۔
اب عمران نذیر پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے جو 15 اپریل سے شروع ہو گا۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں سبروسو ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ عمران نذیر ایل سی سی اے گراؤنڈ پر بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں اور فٹنس پر بھی خوب محنت کر رہے ہیں۔ 37 سالہ عمران نذیر نے 2012 میں آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔