قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کہتے ہیں کہ ورلڈکپ میں چار سے پانچ کھلاڑی چاہیئں جس وجہ سے نئے کھلاڑی آزمائے گئے ہیں اور ہمارے اہم کھلاڑیوں کے علاوہ اب بھی ورلڈکپ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے لیے مزید دو فاسٹ بولرز درکار ہیں جس کے لیے عثمان شنواری، محمد عامر، محمد عباس، جنید خان اور محمد حسنین میں مقابلہ ہے۔ بولنگ کوچ نے کہا کہ ورلڈکپ کے لیے تیسرے اوپنر کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے اور شان مسعود نے بہتر کھیل پیش کیا ہے۔ اظہر محمود نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ اگلے میچز میں پرفارم کریں اور ورلڈکپ کے لیے اپنا کیس مضبوط کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرام دینے کے لیے مینجمنٹ اور سلیکٹرز کے پاس یہی بہترین موقع تھا۔