پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی طرف سے شاندار کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف نے کرِک اِن جِف کے پروگرام 'آف دی بینچ' میں میزبان زینب عباس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے بعد وہ اپنی ٹریننگ میں مصروف ہیں اور فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ آئندہ میچز میں مزید اچھا پرفارم کر سکیں۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ اے بی ڈویلئیرز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، جب وہ کپتان تھے تو ہدایت دینے کے بجائے پوچھتے تھے کہ آپ کون سی گیند کرنا چاہتے ہیں، وہ بتائیں پھر اسی کے مطابق پلان بناتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرے اور میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر کے دنیا کا نمبرون بولر بننا چاہتا ہوں۔ حارث رؤف نے کہا کہ وہ پاکستان ون ڈے کپ میں بھی اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔