پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سینیئر بیٹسمین اسد شفیق پاکستان ون ڈے کپ میں بلوچستان کی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ پی سی بی کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں اسد شفیق نے کہا کہ پاکستان کپ میں نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ہے۔ ٹیسٹ بیٹسمین نے کہا کہ ٹورنامنٹ بڑا اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ورلڈکپ سے پہلے ایونٹ ہو رہا ہے اور اس ایونٹ کے بعد ورلڈکپ کی ٹیم کا اعلان ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس بہترین موقع ہے کہ پرفارمنس دکھائیں اور ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ بنائیں۔ اپنی ٹیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسد شفیق نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت متوازن ہے اور ایونٹ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ بلوچستان کی ٹیم پاکستان کپ میں اپنا پہلا میچ 2 اپریل کو پنجاب کے خلاف کھیلے گی۔