بھارت کے سابق اوپنر ورندر سہواگ نے اپنی ٹیم کے لیے کئی یادگار اننگز کھیلیں لیکن پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میچ میں ان کی ٹرپل سنچری کو تاریخی اہمیت حاصل ہے۔ مارچ 2004 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ورندر سہواگ نے پاکستانی بولرز کو خوب پریشان کیا۔ انھوں نے 309 رنز کی اننگز کھیلی اور بھارت کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بنے۔ بھارت نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 675 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ جواب پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 407 اور دوسری اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کو اس میچ میں ایک اننگز اور 52 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ ورندر سہواگ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 29 مارچ کا دن میرے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس روز میں بھارت کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والا پہلا کھلاڑی بنا تھا۔