آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے کئی کھلاڑیوں کو آرام کروا کر نئے ٹیلنٹ اور پرانے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جس میں حارث سہیل بھی شامل تھے۔ ورلڈکپ سے پہلے اس نادر موقع کا حارث سہیل نے خوب فائدہ اٹھایا اور اپنی صلاحیتوں کا بھی کھل کر اظہار کیا۔ حارث نے پانچویں ون ڈے میں ذمہ دارانہ 130 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا لیکن وہ پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکے۔ حارث سہیل کی یہ اننگز پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑی انفرادی اننگز تھی۔ اس سے پہلے کامران اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف 116 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی تھی۔ پوری سیریز کی بات کی جائے تو حارث سہیل نے پانچ میچز میں 290 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں شامل ہیں مگر بدقسمتی سے یہ سنچریاں بھی قومی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش شکست سے نہ بچا سکیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کی عمدہ کارکردگی سلیکٹرز کو کس حد تک متاثر کرتی ہے اور حارث سہیل ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ بنا پائیں گے یا نہیں۔