دبئی میں خراب ریکارڈ اور شائقین کی عدم دلچسپی کہ بعد سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں کہ کیا پاکستان کو اب اپنا ہوم گراؤنڈ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے؟ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے پہلے یو اے ای میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ہوا اور ایونٹ میں اوسطاََ چالیس سے پچاس فیصد کرکٹ شائقین گراؤنڈ میں میچز دیکھنے کے لیے آئے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ہر میچ میں بیس فیصد تماشائی بھی میچز دیکھنے نہیں آئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کو اب اپنے ہوم گراؤنڈز تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ دبئی میں پاکستان کے ون ڈے ریکارڈ کی بات کریں تو وہ بھی خراب سے خراب تر ہوتا جا رہا ہے۔ دس برسوں میں پاکستان نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 22 ایک روزہ میچز کھیلے۔ پاکستان کو صرف 8 میچز میں کامیابی ملی جبکہ 13 میں شکست ہوئی اور ایک میچ غیرنتیجہ رہا۔ دبئی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو پانچ میں سے صرف ایک میچ میں ہی فتح مل سکی ہے۔