چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت نے ورلڈکپ میں پاکستان کے بائیکاٹ کا شوشہ چھوڑا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارتی صرف دکھانے کے لیے باتیں کرتے ہیں جبکہ بی سی سی آئی بھی اس بات سے واقف ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کرنا ممکن نہیں۔ احسان مانی نے کہا کہ اس معاملے کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز سیاستدانوں کے ساتھ مل گئی ہے اور وہی اس قسم کے مشورے دیتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بی سی سی آئی کے مستقل عہدیداروں کا رویہ بالکل مختلف اور بہتر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ان کے ساتھ اچھے تعلقات بھی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں، امید ہے کہ جلد ہی انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آ کر میچز کھیلیں گی۔ احسان مانی نے کہا سب سے پہلے سری لنکا کی پاکستان میں میزبانی کیلئے پُرامید ہیں اور اس معاملے پر سری لنکن کرکٹ بورڈ سے خود بات کر رہا ہوں۔