پاکستان ون ڈے کپ میں فیڈرل ایریاز کی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف ہے کہ اس مرتبہ بھی ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان کپ کا کامیابی کے ساتھ دفاع کریں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں دو سنچریاں اسکور کی تھیں اور ان کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں اچھی فارم برقرار رکھنے کی کوشش رکھوں گا۔
محمد رضوان پاکستان کپ 2018 میں پنجاب کی جانب سے کھیل رہے تھے جہاں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اننگز میں 294 رنز اسکور کیے تھے۔ کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم میں تجربہ کار احمد شہزاد اور صہیب مقصود شامل ہیں جو ٹیم کے لیے بہت مفید ثابت ہوں گے۔ فیڈرل ایریاز کی ٹیم اپنا پہلا میچ تین اپریل کو خیبرپختونخواہ کیخلاف کھیلے گی۔