پاکستان اور بھارت کے خلاف سیریز میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی نے کینگروز کے کوچ جسٹن لینگر کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان اپریل کے مہینے میں ممکن ہے۔ جسٹن لینگر نے کہا ہے کہ ایک سے دو پلیئرز اچھی کارکردگی کے باوجود ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر آئی پی ایل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، دوسری جانب ایرون فنچ اور عثمان خواجہ بھی شاندار فارم میں ہیں جبکہ شان مارش اور گلین میکسویل نے بھی بھارت اور پاکستان کے خلاف سیریز میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔
آسٹریلوی کوچ کا کہنا ہے کہ ہمیں اب ورلڈکپ کی ٹیم کا انتخاب کرنے میں مشکل پیش آئے گی، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کی عدم موجودگی میں ہماری بولنگ لائن اپ نے بھی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ بولنگ پر جسٹن لنگر نے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس اب مختلف قسم کے بولرز موجود ہیں اور ورلڈکپ کے لیے میدان میں مضبوط ٹیم اتاریں گے۔