پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سیریز کا تاحال فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ سیریز کی پیشکش پر اپنا جواب دے دیا ہے۔ رواں سال کے اختتام پر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے میچز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شریک سب ٹیموں کو یکساں مواقع ملنے چاہیئں۔ پی سی بی نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ طے کیے جانے ہیں تو پھر تمام ٹیموں کے ساتھ ان میچز کی ایک جیسی تعداد فائنل کی جائے جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز رواں سال نومبر-دسمبر میں کھیلی جائے گی۔ دونوں میچز ایڈیلیڈ اور برسبین میں شیڈول ہیں جہاں پر ڈے اینڈ ٹیسٹ میچز کا انعقاد ہو چکا ہے۔