Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کی سربراہی میں پی سی بی کے وفد نے کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے نیا پلان پیش کیا تھا جس کو انھوں نے مسترد کر دیا تھا۔ وزیراعظم نے پی سی بی کو ہدایت کی تھی کہ چھ ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ مرتب کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے چھ ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک کرکٹ کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جس پر عملدرآمد عمران خان کی منظوری کے بعد ہی ممکن ہو گا۔ پی سی بی کے مجوزہ ڈھانچے کے مطابق ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں ایک دوسرے سے دو بار ٹکرائیں گی، گروپ راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیں گی۔
فرسٹ کلاس میچز میں بھی چھ ٹیمیں ایک ہی گروپ میں موجود ہوں گی اور ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلے گی۔ گروپ راؤنڈ کے اختتام کے بعد ٹاپ چار ٹیموں کا ایک گروپ بنے گا جس میں ہر ٹیم کو تین میچز کھیلنے کو ملیں گے اور چار ٹیموں پر مشتمل یہ راؤنڈ ختم ہونے پر ٹاپ کی دو ٹیمیں فائنل میں نبردآزما ہوں گی۔ چھ ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ کی طرز پر کھیلا جائے گا۔ ڈومیسٹک کے مجوزہ ڈھانچے میں گریڈ ٹو کرکٹ کے لیے ٹیموں کی تعداد 12 رکھی گئی ہے۔