متحدہ عرب امارات سے لاہور پہنچنے کے بعد ہیڈکوچ مکی آرتھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلیا کے ہاتھوں بدترین شکست کا ملبہ فٹنس اور فیلڈنگ پر ڈال دیا۔ مکی آرتھر نے تسلیم کیا کہ کینگروز کے خلاف پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ غیرمعیاری تھی۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم میں آنے والے نئے کھلاڑی ہمارے فٹنس اور فیلڈنگ معیار سے آگاہ نہیں تھے، ہم نے ان کے ساتھ کام کیا ہے اور ان میں صلاحیت ہے کہ وہ آگے جا کر بہتر کر سکیں۔ ہیڈکوچ نے کہا کہ فٹنس پالیسی برقرار رہے گی اور آئندہ بھی فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں ورلڈکپ کے لیے تیار کردہ اسکواڈ بہترین ہو گا جو عالمی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں یہ وعدہ نہیں کر سکتا کہ ہم ورلڈکپ جیتیں گے مگر اتنا یقین دلاتا ہوں کہ اپنی سو فیصد کارکردگی دکھائیں گے اور مجھے ان کھلاڑیوں پر پورا بھروسہ ہے کیونکہ انھوں نے گزشتہ برسوں میں بہت محنت کی ہے۔