ورلڈکپ سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کو تیاری کا بھرپور موقع ملے گا۔ پاکستان ٹیم عالمی ایونٹ سے پہلے 11 میچز کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہو گی جہاں 27 اپریل کو کینٹ کے خلاف ون ڈے پریکٹس میچ ہو گا۔ 29 اپریل کو نارتھ ہیمپٹن شائر کے خلاف ایک روزہ میچ شیڈول ہے۔ قومی ٹیم یکم مئی کو لیسسٹرشائر کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جس کے بعد پانچ مئی کو انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز 8 سے 19 مئی تک کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد ورلڈکپ کے وارم اپ میچز میں پاکستان ٹیم دو میچز کھیلے گی۔ وارم اپ میچز میں 24 مئی کو پاکستان کا مقابلہ افغانستان اور 26 مئی کو بنگلہ دیش سے ہو گا۔ ورلڈکپ کا آغاز 30 مئی سے ہو گا اور پاکستان ٹیم اپنے پہلے میچ میں 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں اترے گی۔