پاکستان نے ورلڈکپ کے لیے پانچ بولرز فائنل کر لیے ہیں جبکہ چھٹے بولر کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور ہیڈکوچ مکی آرتھر کے درمیان ملاقات کے بعد ہو گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے تصدیق کی کہ ورلڈکپ کے لیے ہمارے پانچ بولرز فائنل ہو چکے ہیں اور ایک فاسٹ بولر کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ محمد عامر ایک باصلاحیت بولر ہے، وہ اچھی بولنگ کر رہا ہے لیکن اسے وکٹیں نہیں مل رہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ بڑے میچز کا بولر ہے۔ مکی آرتھر نے بتایا کہ محمد عامر خود بھی اس پر بہت پریشان ہیں۔ ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ ایک بولر اور دیگر کھلاڑیوں پر فیصلے کے لیے وہ جلد ہی سلیکشن کمیٹی سے مل رہے ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ ورلڈکپ کے لیے بہترین اسکواڈ تیار کریں۔ محمد عامر کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے بعد ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔