اگلے ماہ انگلینڈ میں ورلڈکپ شروع ہونے جا رہا ہے اور اظہر علی نے کہا ہے کہ انھیں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا کوئی افسوس نہیں ہے۔ اظہر علی کی ریٹائرمنٹ کے بعد فخر زمان اور امام الحق نے پاکستان کی طرف سے اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالی جن کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے وہ کافی خوش ہیں۔ اظہر علی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میرا یقین ہے کہ جو بھی ہوتا ہے وہ اچھے کیلئے ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یقیناََ آپ اپنے ملک کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں لیکن جب فخر زمان، امام الحق، شان مسعود اور عابد علی جیسے کھلاڑی پرفارم کر رہے ہوں تو ورلڈکپ کھیلنا ان کا حق ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب فخر اور امام اچھا پرفارم کر رہے تھے تو میں نے فیصلہ کیا کہ خود کو ون ڈے کرکٹ سے الگ کر کے اپنی پوری توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر دوں۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ ورلڈکپ کیلئے ہمیں فخر زمان اور امام الحق کو سپورٹ کرنا چاہیئے اور میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔ اظہر علی 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے۔ انھوں نے ایونٹ میں پاکستانی کی کامیابی میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا جس کو کسی صورت نہیں بھلایا جا سکتا۔ اظہر علی نے 53 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 36.90 کی اوسط سے 1,845 رنز اسکور کیے۔ وہ ابھی بھی پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے مستقل رکن ہیں۔