سری لنکن فاسٹ بولر لستھ ملنگا نے 15 گھنٹوں کے دوران دو ممالک میں دو مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے دس وکٹیں اپنے نام کیں۔ 3 اپریل کو انڈین پریمیر لیگ میں انھوں نے ممبئی انڈینز کی جانب سے چنائی سپر کنگز کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے چار اوورز میں 34 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔
میچ ختم ہونے کے بعد لستھ ملنگا نے 3 اور 4 اپریل کی درمیانی شب میں سری لنکا کے لیے اڑان بھری جہاں وہ مقامی وقت کے مطابق 4:30 بجے کولمبو پہنچے۔ اس کے بعد انھوں نے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ کا میچ کھیلنے کیلئے کینڈی کی طرف اپنا سفر شروع کیا اور 7 بجے وہاں پہنچ کر اپنی ٹیم گال کیجانب سے 49 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔
اس طرح لستھ ملنگا نے 15 گھنٹوں کے دوران دس وکٹیں اپنے نام کیں اور ڈومیسٹک میچ کھیلنے کے بعد دمبولا کے لیے روانہ ہو گئے جہاں وہ آرام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثال بننا چاہتے ہیں۔ لستھ ملنگا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آئی پی ایل کے رواں سیزن میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔