پاکستان سپر لیگ فور کے آخری آٹھ میچز کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے کی جہاں شائقین کے ساتھ ساتھ کرکٹرز نے بھی کئی یادگار لمحات کو ہمیشہ کے لیے ذہین نشین کر لیا اور ان کو بھولنا آسان نہیں۔ پی ایس ایل فور کا پہلا ایلمنیٹر میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا گیا جس میں اسلام آباد نے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ اس میچ میں کراچی کنگز کی بیٹنگ کے دوران جب بابر اعظم نے رن لینے کے لیے دوڑنا چاہا تو بولنگ کرنے والے شاداب خان ان سے ٹکرائے جس وجہ سے ان کا بلا گر گیا تھا لیکن شاداب نے انھیں اشارہ کیا کہ جاؤ تم رن پورا کر لو۔ اس کے بعد شاداب خان نے بابر اعظم کو جپھی ڈالی اور ان کا بلا واپس تھما دیا۔ اس لمحے کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹویٹر پر یہ تصویر لگاتے ہوئے لکھا کہ اس کے لیے کوئی اچھا 'کیپشن (عنوان)' بتائیں۔ شاداب خان نے لکھا کہ جپھی دے دو اور بلا لے لو۔ اس ٹویٹ پر لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف نے لیگ اسپنر سے درخواست کی کہ شاداب بھائی ہمیں بھی ایک جپھی چاہیئے جس کا انھوں نے ابھی تک جواب دیا۔