بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کے مشیر سوروو گنگولی مشکل میں پھنس گئے۔ سورو گنگولی بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں اور آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کے مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں جس پر بھارتی بورڈ نے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔ بھارتی بورڈ کی جانب سے سوروو گنگولی کو لکھے گئے خط میں ان سے مفادات کے ٹکراؤ پر جواب مانگا گیا ہے۔
کولکتہ کے تین شہریوں نے بھارتی بورڈ کو درخواست دی تھی کہ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہونے کے باوجود گنگولی دہلی کیپیٹلز کے لیے کیسے کام کر سکتے ہیں۔ گنگولی اپنے جواب سے بھارتی بورڈ کو مطمئن نہ کر سکے تو انھیں دونوں میں سے ایک نوکری کا انتخاب کرنا پڑے گا۔