کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینجر اعظم خان نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ احسن علی کو گزشتہ تین سیزن بھی اپنے ساتھ لے کر جاتے رہے لیکن ان کی اپنی تھوڑی غلطیاں تھیں اور کچھ فٹنس مسائل کی وجہ سے وہ ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ انہوں نے کہا اس مرتبہ ہم نے احسن علی سے کہا کہ آپ نے اپنی من مانیاں کرتے ہوئے تین سال گزار دئیے ہیں، اپنا وزن کم کریں، ہمارا وعدہ ہے کہ آپ کو موقع ضرور دیں گے۔ کوئٹہ کے ٹیم مینجر نے کہا کہ احسن علی نے ہماری بات پر عمل کیا تو ہم انہیں لے آئے۔ اعظم خان نے مزید کہا کہ ہیڈکوچ معین خان نے انہیں کراچی پریمیر لیلگ میں کھیلتے ہوئے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ احسن نے جب پی ایس ایل میں پہلا میچ کھیلا تو زیادہ رنز نہیں بنائے لیکن ایک، دو چوکے ایسے ضرور لگائے کہ معین خان یہ کہنے پر مجبور ہو گئے کہ یہ تو بہت دلیر کرکٹر ہے جبکہ ساتھ بیٹھے ویو رچرڈز نے بھی ان کی بھرپور تعریف کی۔ اعظم خان نے کہا کہ احسن علی گراؤنڈ میں اترے تو انہوں نے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا جس پر انہیں موقع ملتا رہا اور آج یہ اس مقام پر پہنچ گئے ہیں۔