Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا پراعتماد لہجے میں کہنا تھا کہ انشاءاللہ پاکستان ورلڈکپ کا فائنل کھیلے گا۔ سرفراز احمد نے ٹی وی انٹرویو دیتے ہوئے کئی اہم سوالات کے جواب دے دیئے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ورلڈکپ کے لیے بہترین اسکواڈ تیار کریں گے اور زبردست پرفارمنس دیں گے۔ قومی کپتان کی نظر میں ورلڈکپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیمیں پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور بھارت ہوں گی۔
حیران کن طور پر انھوں نے انگلینڈ کو اپنی فیورٹ ٹیموں میں شامل نہیں کیا جسے ہوم کنڈیشنز اور شاندار فارم کے باعث تمام کرکٹ ماہرین فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچنا اتنا آسان نہیں ہے اس کے لیے ہمیں چھ سے سات میچز جیتنا ہوں گے۔ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں مخالف ٹیم کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم ہو ہم اپنی بہترین پرفارمنس کی کوشش کریں گے۔
ورلڈکپ میں بھارت کو شکست نہ دینے کے سوال پر کپتان نے کہا کہ جاوید میانداد کے چھکے کی طرح کچھ نہ کچھ ایسا کریں گے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے۔ سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ابھی بھی لوگ یہی کہہ رہے ہیں کہ ورلڈکپ میں کچھ بھی کریں بس بھارت کو ہرا دیں اور ہم اس کی پوری کوشش کریں گے۔