قومی ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا۔ اظہر علی نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد کو باصلاحیت کرکٹرز کی خدمات حاصل ہیں، پاکستان کی بولنگ ہمیشہ سے مضبوط رہی ہے اور ورلڈکپ میں بھی بولنگ لائن کا اہم کردار ہو گا۔ انھوں نے کہا انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے بہت اچھا پرفارم کیا تھا اور ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم سے توقعات وابستہ ہیں۔ اظہر علی کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم کو میگا ایونٹ میں اچھا پرفارم کرنا ہے تو ٹاپ آرڈر کو بڑے اسکور کیلئے اچھی بنیاد فراہم کرنا ہو گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ میں بھارت، پاکستان، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں فیورٹ ہوں گی مگر پاکستان ٹیم حریف ٹیموں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہو گی۔ اظہر علی نے کہا کہ اس مرتبہ ورلڈکپ بہت دلچسپ ہو گا کیونکہ تمام ٹیموں کے ایک دوسرے سے میچز ہوں گے۔