پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر میر حمزہ نے کاؤنٹی کرکٹ میں سسیکس کی جانب سے ڈیبیو کر لیا۔ کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ٹو میں سسیکس کی ٹیم اپنا پہلا میچ لیسسٹرشائر کے خلاف کھیل رہی ہے۔ لیسسٹرشائر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ٹیم کے حق میں بہتر ثابت ہوا اور سسیکس کی پوری ٹیم 173 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سسیکس کی جانب سے ڈیوڈ وزے 51 رنز بنا کر نمایاں بلےباز رہے جبکہ میر حمزہ 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ میر حمزہ نے بولنگ کرتے ہوئے لیسسٹرشائر کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے روز تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وہ اس سال کاؤنٹی چیمپئن شپ کے 11 میچز میں سسیکس کی نمائندگی کریں گے۔ میر حمزہ نے گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جہاں انھیں صرف ایک وکٹ ملی تھی۔