افغانستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ سے پہلے اصغر افغان سے ٹیم کی قیادت واپس لے لی ہے اور یہ اہم ذمہ داری گلبدین نائب کو سونپی گئی ہے جبکہ راشد خان کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ آل راؤنڈر محمد نبی اور لیگ اسپنر راشد خان نے بورڈ کا یہ فیصلہ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
محمد نبی نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں افغانستان کے صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ورلڈکپ سے پہلے کپتان تبدیل کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا کیونکہ اصغر کی قیادت میں ٹیم نے زبردست کارکردگی دکھائی ہے۔
راشد خان نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں سلیکشن کمیٹی کے فیصلے سے متفق نہیں ہوں کیونکہ یہ ایک غیرذمہ دارانہ اور جانبدار فیصلہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ شروع ہونے والا ہے، اصغر افغان کو ہی ٹیم کا کپتان ہونا چاہیئے کیونکہ ٹیم کی کامیابیوں میں ان کا کردار بہت اہم رہا ہے۔