کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ندیم عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں زون کی سطح پر پی ایس ایل کی طرز پر لیگ کروانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے کرکٹ میں بڑی تبدیلی آئے گی، کرکٹر مالی طور پر مستحکم ہو گا تو اس کی کھیل پر توجہ بھی زیادہ ہو گی اور وہ اچھے نتائج بھی فراہم کرے گا۔ کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کی یہ بات سو فیصد درست ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں ریجن کی سطح پر کرکٹ میں بہت زیادہ سیاست آ چکی جو کھیل کے فروغ کے بجائے اس کی پستی اور بدحالی کا سبب بن رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سے نہ صرف کھیل بلکہ کھلاڑی بُری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے آ کر اپنی صلاحیتوں کے اظہار میں مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔