پاکستان کرکٹ ٹیم کا مسئلہ ہمیشہ سے ٹاپ آرڈر ہی رہا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان نے ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ کے لیے پاکستانی اوپنرز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ محسن خان نے کہا کہ ٹیم کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ مستحکم نہیں ہو پاتی جس وجہ سے کھلاڑیوں پر دباؤ آ جاتا ہے اور ورلڈکپ کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان خصوصی اور مضبوط اوپنرز کی جوڑی کا انتخاب کرے۔ انھوں نے ورلڈکپ جیتنے کے لیے قومی ٹیم میں موجود آل راؤنڈرز کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے معیاری آل راؤنڈرز کا اہم کردار ہوتا ہے۔ محسن خان نے مزید کہا کہ ہمارے پاس 5 سے 7 فاسٹ بولرز کے آپشنز ہیں جو ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں جبکہ انگلینڈ کے موسم میں تبدیلی کی وجہ سے اسپنرز کا بھی انتخاب کیا جا سکتا ہے۔