اظہر علی سمرسیٹ کی جانب سے کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود ہیں اور رواں سیزن میں ان کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا ہے۔ ٹانٹن میں جاری کینٹ کے خلاف میچ میں اظہر علی دونوں اننگز میں ناکام ہو گئے۔ پہلی اننگز میں وہ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری اننگز میں بھی اظہر علی مارکس ٹریسکوتھک کے ساتھ اوپنر آئے مگر 2 رنز ہی بنا سکے۔
اظہر علی پورے کاؤنٹی سیزن کے لیے سمرسیٹ کو دستیاب ہیں۔ اظہر علی کی ناکامی کے باوجود سمرسیٹ نے اس میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔ کینٹ کی ٹیم 205 رنز کے تعاقب میں صرف 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سمرسیٹ کے لیوائس گریگوری نے دوسری اننگز میں صرف 18 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں اور ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔