پنجاب کے 28 سالہ آل راؤنڈر افتخار احمد نے فیڈرل ایریاز کے خلاف دھواں دھار سنچری کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو غیریقنی فتح دلا دی۔ فیڈرل ایریاز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.4 اوورز میں 321 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی جس میں اسراراللہ کے 96، احمد شہزاد کے 74 اور صہیب مقصود کے 55 رنز شامل تھے۔ فیڈرل ایریاز نے بولر ولید احمد نے 59 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جس میں احمد شہزاد، عابد علی، اسراراللہ اور محمد رضوان کی اہم وکٹیں شامل تھیں۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کے بیٹسمینوں نے پراعتماد بیٹنگ کی۔ افتخار احمد نے 89 گیندوں پر 109 رنز کی برق رفتار ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے جبکہ سعد علی 76 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پنجاب نے سات وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی۔