پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ڈومیسٹک ڈھانچے کے بعد یہ واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے کہ مستقبل میں ڈومیسٹک میچوں کی تعداد میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے۔ پی سی بی کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ پورے سال کے دوران ریجن کی ٹیموں کی کرکٹ پر ایک ارب 50 کروڑ روپے کے بھاری اخراجات آئے جبکہ سال بھر اتنی بڑی تعداد میں میچ ہوئے جس سے معیار کا نام ونشان دکھائی نہیں دیا۔ فرسٹ کلاس اور نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 266 ٹیموں نے 500 سے زائد میچز کھیلے۔ سال کے تقریباََ 7 ماہ ملک کے چھوٹے بڑے گراؤنڈز پر کرکٹ کروائی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ نئے نظام میں کم میچوں والی کوالٹی کرکٹ کروائی جائے گی۔ نئے نظام کے سامنے آنے سے پاکستان کرکٹ کا منظر نامہ مکمل تبدیل ہو جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی جب نئے سیزن کے خاکے کو حتمی شکل دے گا تو حتمی منظوری کے لیے یہ وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔