کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ آئی سی سی ورلڈکپ 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہو گا. ورلڈکپ سے قبل سابق کرکٹرز میگا ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں کا اعلان کر رہے ہیں جو ان کی نظر میں ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔ اسی طرح شعیب اختر نے بھی میگا ایونٹ میں اپنی فیورٹ ٹیموں کا نام بتا دیا جس میں انھوں نے بھارتی ٹیم کا نام شامل کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا۔
راولپنڈی ایکسپریس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن کیا جہاں ان کے ایک مداح نے ورلڈکپ میں شعیب اختر کی فیورٹ ٹیموں سے متعلق سوال پوچھا۔ جواب میں انہوں نے پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو ورلڈکپ میں فیورٹ قرار دیا۔
دوسری جانب انہوں نے فاسٹ بولر محمد عامر کی بھی حمایت کر دی۔ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے بعد مسلسل ناقص کارکردگی دکھانے والے عامر کے حوالے سے ان کا کہنا ہے وہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں سودمند ثابت ہوں گے۔